ناصر حسین اور این بشپ پاکستان سپر لیگ میں بابر اعظم کی شاندار کارکردگی کے معترف

60

لندن۔18نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین اور سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر این بشپ نے کراچی کنگز کو پاکستان سپر لیگ فائیو میں فتح دلوانے پر بابر اعظم کی تعریف کی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں ناصر حسین نے کہا کہ بابر اعظم کسی بھی وکٹ پر کسی اور کی نسبت سکور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بعد ازاں این بشپ نے بھی بابر اعظم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ منگل کو بابراعظم کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ بابر اعظم نے 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کنگز کے کپتان عماد وسیم نے وننگ شارٹ لگا کر 135 رنز کا ٹارگٹ 18.4 اوور میں پورا کیا۔ بابراعظم نے ٹورنامنٹ میں 473 رنز بنائے جبکہ وہ تین بار مین آف دی میچ قرار پائے۔بابر اعظم نے پی ایس ایل کے بہترین بلے باز اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈز بھی اپنے نام کئے۔