ناقص گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا ایکشن پلان تیار

72
ناقص گوشت

کوئٹہ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کی خصوصی ہدایت پر ناقص گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا خصوصی ایکشن پلان تیار کر لیا گیا،۔

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں قصابوں کو بی ایف اے میٹ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے دس دن کے اندر صفائی کے انتظامات سمیت مختلف امور پر ایس او پیز کے عین مطابق درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ قصابوں کی دکان کے فرنٹ پر شیشوں کی تنصیب ، دکانوں کے اندر گوشت رکھنے ، شہریوں کو تازہ گوشت کی فروخت اور کٹنگ اوزار صاف ستھرے و جراثیم سے پاک رکھنے کی تنبیہ اور وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے اس ضمن میں عوام سے بھی گزارش کی ہے کہ گوشت ہمیشہ مستند اور قابل اعتبار قصاب اور صاف ستھری دکانوں سے خریدیں ، قصاب سے سٹور شدہ یا پہلے سے تیار گوشت ہرگز مت خریدیں اور اپنے اردگرد کڑی نظر رکھیں،کسی بھی شکایت کی صورت میں فوراً بلوچستان فوڈاتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ ناقص گوشت فراہم کرنے والے صحت دشمن عناصر کی عوام کے تعاون سے بھرپور حوصلہ شکنی کی جاسکے ۔