نامناسب واٹس ایپ پیغامات، برطانوی وزیر صحت عہدے سے برطرف

106

لندن ۔10فروری (اے پی پی):برطانیہ کے وزیر صحت اینڈریو گیون کو اُن کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔انڈیپینڈنٹ کے مطابق وزیراعظم نے وزیر صحت کے نامناسب اور گالیوں والے واٹس ایپ میسجز سامنے آنے کے بعد اینڈریو گیون کو اُن کے عہدے سے ہٹایا۔گارٹن اور ڈینٹن کے علاقے سے منتخب ہونے والے اینڈریو گیون کی رکنیت اُن کی پارٹی لیبر نے بھی معطل کر دی تھی جب میل آن سنڈے نے ان واٹس ایپ پیغامات کو رپورٹ کیا تھا جن میں انتخابی حلقے کے ووٹرز، ساتھی ایم پیز اور کونسلرز کی توہین کی گئی تھی ۔

ایک حکومتی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کیئر سٹارمر ’عوامی عہدوں پر فائز افراد کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں‘ اور "ان معیارات پر پورا نہ اترنے والے کسی بھی وزیر کے خلاف کارروائی کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔اینڈریو گیون نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ وہ بری طرح سے لیے گئےتبصروں کی وجہ سے ہونے والی کسی بھی دل آزاری کے لیے معذرت خواہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزیراعظم اور لیبر پارٹی کے فیصلے کو سمجھتے ہیں اور یہ کہ معطل کیے جانے پر بہت دکھ ہوا، مگر میں ہر طرح سے ان کی حمایت کروں گا۔