31.6 C
Islamabad
بدھ, اپریل 23, 2025
ہومشوبزنامور ادیب اشتیاق احمد کی برسی منائی گئی

نامور ادیب اشتیاق احمد کی برسی منائی گئی

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):ملک کے نامور ادیب، ناول نگار اور جاسوسی ڈراموں کے خالق اشتیاق احمد کی برسی18 نومبر کو منائی گئی۔ اشتیاق احمد 5اگست 1944کو بھارتی ریاست پانی پت میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان جھنگ صدر میں آکر آباد ہوا۔ان کی پہلی کہانی’’بڑا قد‘‘ 1960میں ہفت روزہ قندیل میں چھپی جبکہ ان کے پہلے ناول کا نام’’پیکٹ کا راز ‘‘ تھا جو ایک رومانوی ناول تھا ۔

وہ بچوں سے متعلق رسالوں کے ادیب ہونے سمیت نوجوانوں اور بڑوں میں یکساں مقبول تھے۔انہوں نے ہزاروں کہانیاں اور سینکڑوں ناول لکھے جنہیں بھرپور پذیرائی اور مقبولیت حاصل ہوئی جبکہ ان کی وجہ شہرت ان کے تحریر کردہ جاسوسی ناول ہیں جن میں سے ایک انسپکٹر جمشید سیریز نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔محمود، فاروق، فرزانہ اور انسپکٹر جمشید کے کردار پڑھنے والوں کے ذہن میں اشتیاق احمد کی یادیں ہمیشہ زندہ ر کھیں گے۔

- Advertisement -

ان کی انسپکٹر کامران سیریز اور شوکی سیریز کو بھی خاص پذیرائی ملی، ان کے تحریر کردہ ناولوں کی مجموعی تعداد 1100سے زیادہ ہے جن میں بادلوں کے اس پار، غار کا سمندر، ہزار سال کا آدمی،مجرم کا چہرہ سمیت 800سے زیادہ ناول جمشید سیریز پر مبنی ہیں۔

اشتیاق احمد مرحوم ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والے پانچ روزہ عالمی کتاب میلے میں شرکت کے لئے کراچی گئے جہاں سے لاہور و اپسی کے لئے کراچی ایئر پورٹ کے لاؤنج میں موجود تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ 18 نومبر 2016 کو انتقال کر گئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=526132

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں