لاہور۔10جولائی (اے پی پی):نامور شاعر و کالم نگار احمد ندیم قاسمی کی 18 ویں برسی منائی گئی ۔احمد ندیم قاسمی 20 نومبر 1916 کو پنجاب کے ضلع خوشاب میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام احمد شاہ جبکہ ندیم تخلص ٹھہرا، ان کا تعلق خانقاہ سے تھا اسی لئے ان کے مزاج میں قلندری اور صوفیت تھی، احمد ندیم قاسمی نے پہلا شعر 1927 میں کہا جبکہ پہلی نظم 1931 میں روزنامہ سیاست لاہور میں شائع ہوئی جو انہوں نے مولانا محمد علی جوہر کی وفات پر کہی۔
احمد ندیم قاسمی کے 17 افسانوی اور 6 شعری مجموعے شائع ہوئے، تنقید و تحقیق کی3 کتابیں شائع ہوئیں اور ترتیب و ترجمہ کی 6کتابیں منظر عام پر آئیں، انہوں نے بچوں کے لئے بھی بہت کچھ لکھا، ان کے افسانوں کے ترجمے ایک درجن سے زائد زبانوں میں شائع ہوئے۔احمد ندیم قاسمی کے افسانے پہاڑوں کی برف، نصیب، لارنس آف تھیلیسیا، بھاڑا، بدنام، کفن دفن، رئیس خانہ، موچی، اور ماں بے حد مقبول ہوئے، ان کو حکومت پاکستان نے 1968 میں تمغہ حسن کارکردگی اور 1980 میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔احمد ندیم قاسمی 10 جولائی 2006 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔