26.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 1, 2025
ہومشوبزنامور شاعر اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد کو ہم سے بچھڑے...

نامور شاعر اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے

- Advertisement -

ملتان۔ 10 فروری (اے پی پی):نامور شاعر، ڈرامہ نگار ، کالم نگار اور سفر نگار امجد اسلام امجد کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے۔ امجد اسلام امجد 14 اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز سے گریجویشن کی اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اُردو میں امتیازی حیثیت میں کامیابی حاصل کی۔

ایم اے کے بعد وہ ایم اے او کالج لاہور کے شعبہ اُردو کے ساتھ منسلک ہو گئے اور اس کے سربراہ کی حیثیت سے گراں قدر خدمات انجام دیں ۔ امجد اسلام امجد کا ادبی سفر 50 برسوں پر محیط ہے ۔ انہیں 1979 میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامے وارث سے لازوال شہرت حاصل ہوئی ۔

- Advertisement -

امجد اسلام امجد ایک نظم گو اور غزل کے شاعر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ ان کی کئی نظمیں اور اشعار زبان زد عام ہیں ان کے شعری مجموعوں کی تعداد 12 ہے جب کہ ’’ سفر در سفر ‘‘ سمیت انہوں نے متعدد سفر نامے اور تنقیدی و تحقیقی کتب بھی تحریر کیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ان کا دو سال قبل 10 فروری کو لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔

نامور ر مزاحیہ شاعر اور کالم نگار خالد مسعود خان نے’’ اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امجد اسلام امجد بے پناہ خوبیوں کے مالک تھے ان کا ملتان کے ساتھ بہت محبت بھرا تعلق تھا ۔ ہم نے انہیں بارہا یہاں بلایا ۔ وہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے تھے ۔ بے پناہ شہرت کے باوجود ا ن میں بہت عاجزی تھی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=558710

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں