نام نہاد "حقیقی آزادی” کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ، عمران خان نے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، خارجہ تعلقات کو تباہ کرنے کی کوشش کی، مریم اورنگزیب

184

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نام نہاد "حقیقی آزادی” کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، عمران خان نے اپنے سیاسی مفادات کے لئے سنگین کھیل کھیلا ، قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، پاکستان کے خارجہ تعلقات کو تباہ کرنے کی کوشش کی، اب کہتےہیں امریکی سازش والی بات ختم، "آج امپوٹڈ” اور "رجیم چینج” کے جھوٹے بیانیے سے دستبردار ہو گئے، عمران خان ایسے نہیں چلے گا، آپ کو جواب دینا پڑے گا۔

پیر کو سابق وزیراعظم عمران خان کے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو پر اپنے رد عمل میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان! امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہو گی ، آپ کو جواب دینا پڑے گا ، جس بیانیہ پر آپ نے پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دئیے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج صرف عمران سے سوال نہیں بلکہ عمران کی بات پہ یقین کرنے والوں اور جھوٹے ، ملکی مفاد سے کھیل کھیلنے والے فارن فنڈد فتنے کی بات سُننے والوں کے لئے بھی سوالیہ نشان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان ، افواجِ پاکستان ، اداروں کو غدار ٹھہرا کر صرف یہ کہہ دینے سے بات ختم نہیں ہوتی کہ ” it’s behind me and it’s over "، ایسے نہیں عمران خان !ایسے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے جھوٹ کے لئے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی ، عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے ہیں ، کیا انہوں نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے؟۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے امریکی سازش ، امپورٹڈ حکومت اور رجیم چینج کا بیانیہ پسِ پشت اِس لئے ڈالا کیونکہ وہ کبھی موجود تھا ہی نہیں ۔

عمران خان آج امپورٹڈ حکومت اور رجیم چینج کے جھوٹے بیانیہ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ آج نام نہاد "حقیقی آزادی” کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا ۔ عمران خان نے ہوس اقتدار میں ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا،چالیں چلیں ۔ اقتدار کی ہوس میں ملک اور قوم کو دائو پر لگا دیا۔

قوم کو جھوٹ سکھا کر اب کہتے ہیں کہ امریکی سازش والی بات ختم؟سپریم کورٹ کو اپیلیں کرتے رہے اور اب امریکی سازش والی بات ختم؟ عمران خان نے اپنے جھوٹ سے نہ صرف قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا بلکہ پاکستان کے خارجہ تعلقات کو بھی تباہ کرنے کی سازش کی ۔ عمران خان نے اپنے سیاسی مفادات کے لئے ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا۔\932