نام نہاد سرچ آپریشنز میں کشمیریوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری ،بھارتی افواج ماورائے عدالت قتل کر رہی ہیں،وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈاپور

88

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوجیوں کی جانب سے نام نہاد سرچ آپریشنز میں کشمیریوں کو شہید کرنے کا سلسلہ بے دریغ جاری ہے،بھارتی افواج کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر رہا ہے،وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدو جہد کو نہیں دبا سکتا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بھرپور انداز میں بلند کرتا رہے گا،ان کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔