ناکام شدہ اپوزیشن پہلے بھی ناکام ہوئی،اب بھی ناکام ہوگی، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

69

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ناکام شدہ اپوزیشن ہے، یہ پہلے بھی ناکام ہوئی،اب بھی ناکام ہوگی، ان کا ایجنڈا صرف اپنی لوٹ مار اور چوری کو بچانا ہے، اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں،شہباز شریف اور آصف علی زرداری فالودے والے، پاپٹر والے اورمقصود چپڑاسی جیسے کرداروں کو بچانا چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے،عوام کے لئے ان کی کوئی جدوجہد نہیں ہے، 40سال یہ ملک کو لوٹتے رہے ہیں، اب بھی وہ اسی طرح کی بلیک میلنگ کررہے ہیں، ہم نہ پہلے اپوزیشن سے بلیک میل ہوئے ہیں اور نہ ابھی ان سے بلیک میل ہونگے،لکھ لیں، انہوں نے ناکام ہونا ہے،وزیراعظم عمران خان کی تمام صورتحال پر گہری نظر ہے اور فیصلے بھی کرینگے،

جن کا نظریہ لوٹ مار اور کرپشن کا پیسہ بچانا ہو اس اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، پی ٹی آئی کے اراکین کے تحفظات دور کرینگے،وہ پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھے اور اب بھی ساتھ ہیں،نکتہ نظر سے اختلاف ہوسکتا ہے، ہم سب کا نکتہ نظر سنیں گے اور تحفظات دور کرینگے، وقت آئے گا تو اپوزیشن کے حمایت کرنے والے امیدواروں کی تعداد سامنے آجائے گی۔