سیالکوٹ۔ 29 اپریل (اے پی پی):سینئر میڈیکل آفیسر سیالکوٹ ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا ہے کہ نایاب و غیر تشخیص شدہ بیماریوں سے متاثرہ افراد کی زندگی آسان بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نایاب اور غیر تشخیص شدہ بیماریوں کے عالمی دن پر خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نایاب اور غیر تشخیص شدہ بیماریوں میں مبتلا افراد ایک طویل اور مشکل جدوجہد سے گزرتے ہیں جنہیں بروقت تشخیص اور مناسب علاج کی کمی کی وجہ سے اکثر معاشرتی بے حسی اور نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ ہمارا پیشہ ورانہ اور اخلاقی فریضہ ہے کہ ہم ان افراد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے طبی تحقیق، تشخیصی عمل میں جدت اور حکومتی سطح پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں نایاب بیماریوں کے حوالے سے ایک خصوصی سیل قائم کیا جا رہا ہے جو ان مریضوں کورہنمائی، ریفرل سروسز اور تحقیق میں مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے متعلقہ اداروں، میڈیا اور پالیسی سازوں سے اپیل کی کہ وہ ان بیماریوں سے متعلق عوامی آگاہی مہم کو فروغ دیں اور ان مریضوں کی امداد کے لیے فنڈز و سہولیات فراہم کریں۔
تقریب کے آخر میں شرکا نے آگاہی ریلی نکالی اور ان بیماریوں سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب میں طب کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور مریضوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589556