اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی اورفنڈنگ کیس میں جواب جمع نہ کرانے پر پی ٹی آئی وکیل پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل کو کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے آپ کو سن رہے ہیں سولہ جنوری سے قبل جواب جمع کرائیں۔ جمعرات کوچیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں کمیشن نے شہری ہاشم علی بھٹہ کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف پہلے خارج کی گئی درخواست کی بحالی کے بعد سماعت کی مگر چیئرمین تحریک انصاف خود پیش ہوئے نہ ان کی طرف سے وکیل آیا۔ جس پر کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ پی ٹی آئی کے خلاف اکبر ایس بابر کی پارٹی فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق درخواست پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)سردار رضانے تحریک انصاف کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی وجہ سے اس کیس میں کسی فیصلے تک نہیں پہنچ سکے ڈیڑھ سال سے آپ کی ہی سن رہے ہیں، انہوں نے وکیل کو 16 جنوری سے قبل تحریری جواب دائر کرنے کی ہدایت کی۔