فیصل آباد۔ 11 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا،آر پی او فیصل آباد نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی۔ سی پی او فیصل آباد نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تھانہ روڑالہ کی حدود 382 گ ب میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد امانت ولد صادق اور امانت ولد شیرا کو قتل کر دیا۔
مقتولین تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ 356 گ ب کے رہائشی تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ روڈالہ کے علاقہ میں فائرنگ سے دوہرےقتل کے معاملہ پر آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر عابد خاں نے نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی۔ سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتار کے احکامات جاری کئے ہیں۔
سٹی پولیس آفیسر نے ایس پی جڑانوالہ ڈویژن سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی جڑانوالہ ڈویژن کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے۔ ایف پی ایس سی کی ٹیم موقع سے شواہد اکٹھا کر رہی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ قتل کی واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہو رہی ہے۔ مقتولین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔