نبی آخرالزماں ؐ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امن وآشتی،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب

271

فیصل آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نبی آخرالزماں ؐ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امن وآشتی،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا۔آپؐ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ جشن عیدمیلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم اتباع سنتؐ پر صدق دل سے عمل پیراہوں کیونکہ اسوہ حسنہ کی پیروی سے ہی ہماری دنیاوی واخروی زندگی سنور سکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے نائب صدر پاکستان تحریک انصاف سٹی کونسل 78 ملک وسیم امبرسریا کی رہائش گاہ پر جشن عید میلادالنبی کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے کہی۔ اس موقع پر ایم پی اے میاں وارث عزیز‘صدر سٹی کونسل ملک کامران‘ جنرل سیکرٹری سید حسنین رضا‘ عمران نقوی‘ فرخ نقوی‘ افسر علی‘ شہزاد انصاری‘ رانا نوید‘ سید توقیر عباس‘ سید توقیر حیدر‘ مظاہر نقوی‘ سید چاند شاہ‘ ابوطالب شاہ‘ ڈاکٹرغلام صابر سمیت دیگر عمائدین علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر میاں فرخ حبیب‘ میاں وارث عزیز سمیت دیگر پارٹی عہدیداروں نے ملک وسیم امبرسریا کے ذوق و عشق رسولؐ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس خوبصورت انداز میں علاقہ کو سجایا ہے وہ قابل فخراور عشق رسولؐ کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عشق رسول ؐکا تقاضا بھی یہی ہے کہ وہ پیارے نبی کریمؐ کے یوم ولادت کو بڑی دھوم دھام اور شان و شوکت سے مناتے ہوئے عہد کریں کہ آئندہ کی زندگی رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پرعمل کر کے اپنی دنیاوی و آخروی زندگیوں کو سنواریں۔ایم پی اے میاں وارث عزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرور کونین حضرت محمدؐ کی بعثت سسکتی، مرجھائی اور جہالت میں ڈوبی انسانیت کیلئے ابربہار کی حیثیت رکھتی ہے۔ محسن انسانیت حضرت محمد ؐ اپنے اعلیٰ کردار کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا ایم حصہ ہے اوراپنی اس عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں معاشرے سے برائی ختم کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر اتحاد واتفاق کا عملی مظاہرہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ہمارے قلوب عشق رسولؐ سے لبریز ہیں اور آئندہ زندگیوں میں سیرت طیبہ کو ہی مشعل راہ بنائیں گے تاکہ فلاح پا سکیں۔