
اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)میں منگل کو عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی مہمان خصوصی تھے۔ محفل میلاد میں صحافیوں اور معاون عملہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ محفل میلاد میں نعت خوانوں نے حضور اکرم ﷺ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئےجس نے حاضرین کو مسحور کر دیا ۔
اس موقع پر حضور اکرم ﷺ کی زندگی اور تعلیمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کے نقش قدم پر چلنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اپنے متاثر کن خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نبی اکرم ﷺ کا طرزِ عمل تمام انسانیت کے لئے ایک مکمل ضابطہ حیات کی حیثیت رکھتا ہے جو کہ زمان و مکاں سے بالاتر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ تمام کائنات کے لئے رحمت بن کر آئے۔انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ اسلام میں انسانوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، ہمیں حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی خیال رکھنا چاہئے۔ انہوں نے سیرت النبی ﷺ کے رہنما خطوط کے مطابق افراد کو دوسروں کے ساتھ بہترین برتاؤ کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے حضور اکرم ﷺ کی شان بیان کرتے ہوئے کہا کہ انبیاء کرام نے اللہ تعالیٰ سے آپؐ کی امت سے ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ محفل میلاد کی تقریب نے اے پی پی فیملی کے درمیان اتحاد، عقیدت اور برادری کے احساس کو بھی فروغ دیا۔