اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ نبی اکرم ﷺکی زندگی کا کوئی پہلو مخفی نہیں، قیامت کے دن تک آپﷺ کی سیرت مشعل راہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے عشرہ سیرت طیبہ کے لئے اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے، بدھ کو اسلام آباد میں سیرت النبی ﷺکے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا، جمعہ کو لاہور میں ایک چرچ میں سیرت سیمینار ہو گا۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں عشرہ رحمت اللعالمینﷺ کے عنوان پر تقریبات کا افتتاح کیا ہے اور اس حوالے سے سیرت رحمت اللعالمین ﷺاتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کا اندرون و بیرون ملک خیر مقدم کیا جا رہا ہے، اس اتھارٹی کے قیام کا مقصد پوری دنیا میں سیرت طیبہ کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں ان ایام میں سیرت نبوی ﷺمنانا ہے وہاں اس کو اپنانا بھی ہے اور اس حوالے سے وزارت مذہبی امور، وزارت اطلاعات اور تمام صوبوں کے محکمہ اوقاف نے پروگرامات ترتیب دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے جمعہ کو سیرت طیبہ کی روشنی میں اخلاق حسنہ، عورتوں اور اقلیتوں کے حقوق موضوع ہوں گے جس پر ملک بھر کے علما و مشائخ گفتگو کریں گے، اس کا مقصد سیرت طیبہ کے تمام پہلوئوں کو دنیا کے سامنے لانا ہے، حضور اکرم ﷺصرف رحمت المسلمین نہیں رحمت اللعالمینﷺ ہیں، نبی اکرم کی زندگی کا کوئی پہلو مخفی نہیں، قیامت کے دن تک آپ کی سیرت تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کردار سازی کی جانب جانا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے، بدھ کو اسلام آباد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور ملک بھر کے علما و مشائخ شرکت کریں گے جس کا عنوان "عورتوں اور اقلیتوں کے حقوق شریعت اسلامیہ کی روشنی میں” ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہونے والی تقاریب کو الگ الگ موضوع دیا گیا ہے تاکہ قوم کے سامنے سیرت کے ہر پہلو کو لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو بتانے کی ضرورت ہے کہ حضرت محمدﷺ نے فرمایا کہ تعلیم حاصل کرنا سب پر فرض ہے خواہ وہ مرد ہو یا عورت ہو، کچھ لوگ اپنا شملہ اونچا کرنے کے لئے بچیوں کو تعلیم سے روکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺنے مسیحیوں کو مسجد نبوی میں عبادت کی اجازت دی، اسی طرح ہمیں اپنی نوجوان نسل کو سیرت طیبہ کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے جمعہ کو لاہور میں ایک چرچ میں مسیحی برادری کی جانب سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا، 12 ربیع الاول کو دو روزہ سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔اس مرتبہ ہونے والی تقاریب کو ایک منظم شکل دی گئی ہے۔
پریس کانفرنس سے قبل وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی اور علمائے کرام کی طرف سے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی علامہ طاہر اشرفی علما کرام اور میڈیا کے نمائندوں نے دعا کی کہ اللہ پاک ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔