نبی پاک ﷺنے پوری دنیا کو خیر ، سلامتی اور پر امن بقائے باہمی کا درس دیا ،آپ ؐکے درس پرعمل کرتے ہوئے ہمیں پوری دنیا کیلئے امن کا سفیر بننا ہوگا،سید یوسف رضاگیلانی

160

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی  نے کہا ہے کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے پوری دنیا کو خیر ، سلامتی اور پر امن بقائے باہمی  کا درس دیا جس پر عمل کرتے ہوئے ہمیں پوری دنیا کیلئے امن کا سفیر بننا ہوگا۔ اسلام آباد میں انٹرنیشنل رحمت العالمین و خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے نبی پاک ﷺنے ہمیں صلہ رحمی، برداشت اور مساوت کے زیریں اصولوں پر مبنی ایسا درس دیا جو پوری دنیا کے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے، ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرتے ہوئے پر امن بقائے باہمی سے رہنا چائیے تاکہ ہمار ا معاشرہ دنیا بھر کیلئے مثالی بن سکے ۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے ہمیں احترام انسانیت،  ہم آہنگی اور بھائی چارےپر عمل پیرا ہو کر دیکھایا۔انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پر وقار تقریب میں انہیں ترجمانی کا اعزاز بخشا اور اس عظیم موضوع پر بات کرنے کا موقع فراہم کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی امن ،استحکام اور ہم اہنگی کو قائم رکھنے کے ضمن میں درپیش مسائل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے یہ کانفرنس موجودہ وقت اور حالات کے عین مطابق ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ؐنے ہمیں ایسے طرز زندگی کا درس دیا جو عالم انسانیت کے لیے مکمل ضابطہ حیات کی بنیاد فراہم کرتی ہے،آپ ؐ کی تعلیمات محبت اخلاص اور ہم آہنگی کے اقدار پر مشتمل ہیں جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام عالم انسانیت کے لیے خیر اور فلاح کی نوید دیتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر میثاق مدینہ اور صلح حدیبیہ کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ان تاریخی معاہدوں نے مسلمانوں اور دیگر قبائل کے درمیان پر امن بقائے باہمی کا معاشرتی نظام دیا۔ انہوں نے کہا کہ میثاق مدینہ نے باہمی حقوق ، ذمہ داریوں کے احترام ، امن اور اتحاد کو فروغ دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صلح حدیبیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پرامن مذاکرات کے عزم کی مثال ہے اور اس کی بدولت اسلام کا پیغام زیادہ موثر طریقے سے اجاگر ہوا ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حضور ؐکے نظریات تعلیمات اور اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ہم دنیا کو ہم اہنگی اور محبت کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔انہوں نے اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین چیئرمین قومی رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی، وزارت تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نےشب و روز محنت کر کے اس پہلی بین الاقوامی کانفرنس کو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔

 دیگر مقررین نے کہا کہ پوری بنی نوع انسانیت کیلئے رحم ، امن ، برداشت اور نرمی کا مظاہرہ کرنے پر ہی ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو رحمت العالمین کہا گیا ۔ خواتین کی عزت و احترام سے متعلق حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات رہتی دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ہمیں بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ بعد میں مہمان خصوصی کو سیکرٹری تعلیم کی جانب سے کانفرنس میں شرکت  کے موقع پر یادگاری شیلڈ دی گئی ۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر سیرت فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا بھی دورہ کیا۔