لاہور۔30اگست (اے پی پی):چیئر مین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانا اور منانا مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ،سیلاب میں لوگوں کا بہت نقصان ہوا،ان کی بھرپور مدد کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پیغام رحمتہ للعالمین کا نفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام اور نبیؐ کی شان میں گستاخی کرنے والے کو کوئی معافی نہیں ہے ، ہم سیرت مناتے بھی ہیں اور اپناتے بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور فتنے کا دور ہے لیکن راستہ ایک ہی ہے وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اطاعت کا راستہ ہے،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اس کے علاوہ بھی کوئی راستہ ہے تو وہ بے سود ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ دنیا میں فرعون کے علاوہ کسی نے خدا ئی کا دعوی نہیں کیا،اللہ کے سوا کوئی نہیں دے سکتا،بس اپنے اساس اور دلیل کے ساتھ چلو۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ فتنوں کے دور میں ہم نے بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کی بات کی ہے ،اب ہر روز ایک نیا فتنہ اٹھتا ہے،سب کو ملک میں قانون اور دستور پر رہ کر چلنا ہوگا۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ نبی کریمؐ کی سیرت کو اپنانے کی ضرورت ہے،لوگوں نے صرف باتیں کیں ، میں نے اپنا خون بھی دیا ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ آپ اس وقت معتبر ہونگے جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہلبیت اور صحابہ اکرام کی تعلیمات پر عمل کرو گے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیلاب میں لوگوں کا بہت نقصان ہوا،لوگوں کے مال،مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں،وہ ان لوگوں کی آپ کے پاس امانت ہیں ،جن کا واپس کرنا بطور انسان اور مسلمان آپ پر فر ض ہے ۔