نبی کریم ﷺکا اسوۂ کامل صرف مسلمانوں ہی کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے، مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ’’سیرت النبی ﷺ کانفرنس‘‘ سے مقررین کا خطاب

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ’’سیرت النبی ؐکانفرنس‘‘ کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی نامور علمی، مذہبی اور فکری شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد عصرِ حاضر کے چیلنجز کے تناظر میں سیرتِ طیبہ ؐ کی رہنمائی اور اسوۂ حسنہ کی افادیت کو اجاگر کرنا تھا۔مقررین میں سیکرٹری جنرل موتمر عالم اسلامی راجہ ظفر الحق ، صاحبزادہ سلطان احمد …

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ’’سیرت النبی ؐکانفرنس‘‘ کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی نامور علمی، مذہبی اور فکری شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد عصرِ حاضر کے چیلنجز کے تناظر میں سیرتِ طیبہ ؐ کی رہنمائی اور اسوۂ حسنہ کی افادیت کو اجاگر کرنا تھا۔مقررین میں سیکرٹری جنرل موتمر عالم اسلامی راجہ ظفر الحق ، صاحبزادہ سلطان احمد علی چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ ،ڈاکٹر حبیب الرحمٰن پریذیڈنٹ سیرت ریسرچ سنٹر و ڈی جی ڈی بی ایف سیرت انسائیکلوپیڈیا اور ڈاکٹر حبیب عاصم چیئرمین اقبال چیئر، بحریہ یونیورسٹی شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ آقاپاکؐ نے ہمیں ہر موضوع اورہر معاملہ پر رہنمائی عطا فرمائی ہے ،آپؐ کی ذات بابرکات انسانیت کے لئے رحمت ہے اور آپؐ کی ولادت کا دن منانا باعث برکت ہے ، مقررین نے اپنے خطاب میں بین الثقافتی ہم آہنگی اور جدیددنیا کے چیلنجز، اور موسمیاتی تبدیلی اور سیرت النبی ؐ کی تعلیمات جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل مقالات پیش کئے، انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ کا اسوۂ کامل صرف مسلمانوں ہی کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔

مقررین نے کہا کہ ہمیں معاملات میں اسوہ کامل ؐ سے رہنمائی لینی ہے کیونکہ عصر حاضر میں درپیش سماجی، معاشی، ماحولیاتی اور تہذیبی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ؐ میں موجود ہے۔ مقررین نے کہا کہ یہ کائنات بنی نوع کے لئے نعمت اور امانت کی حیثیت رکھتی ہے ۔شرکاء نے زور دیا کہ معاشرے کی اصلاح، بین المذاہب و بین الثقافتی ہم آہنگی، اور ماحولیاتی تحفظ جیسے امور میں سیرت النبی ؐ کی عملی پیروی ناگزیر ہے۔ مقررین نے کہا کہ اگر ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو سیرت النبی ؐ کے مطابق ڈھال لیں تو نہ صرف دنیاوی کامیابی حاصل ہوگی بلکہ اخروی نجات بھی یقینی ہو جائے گی۔کانفرنس میں سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا جس میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے خیالات اور سوالات پیش کئے۔ حاضرین نے مسلم انسٹیٹیوٹ کی اس کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی علمی و فکری محافل کے تسلسل سے معاشرے میں مثبت فکری و اخلاقی تبدیلی آئے گی۔