لاہور۔27نومبر (اے پی پی):ترجمان سٹی ٹریفک پولیس نے بتایا کہ نجی الیکٹرانکس کمپنی کی گاڑیاں ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھیرنے میں پیش پیش ہیں،افضل الیکٹرانکس کے نام پر رجسٹرڈ متعدد گاڑیوں نے 22 ہزار 552 مرتبہ ای چالان کی خلاف ورزیاں کیں۔
بدھ کو جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ای چالان کی مد میں نجی کمپنی کے ذمہ 53 لاکھ 44 ہزار 200 روپے واجب الادا ہیں، اتھارٹی کی طرف سے نجی الیکٹرانکس کمپنی کو چالان جمع کروانے کیلئے نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور کلیئرنس نہ کروانے کی صورت میں ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاون کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی، مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیمیں موجود ہیں، ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان پولیس سروسز حاصل نہیں کرسکیں گے، ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس،کریکٹر سرٹیفکیٹ ویری فیکشن و دیگر 14 سہولیات میسر نہ ہوںگی۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پنجاب اور پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا ہے۔ٹریفک سگنل،لین لائن، دھواں چھوڑنے،ون وے ٹریفک سمیت 19 خلاف ورزیوں پر ای چالان کئے جارہے ہیں۔ ای چالان سے بچنے کیلئے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاون اور گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیر اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم ٹریفک کیلئے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہوگا، کیمروں کی مدد سے ٹریفک لوڈ مینجمنٹ، مانیٹرنگ اور سرویلنس کو یقینی بنایا جارہاہے، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کیلئے سیف سٹی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کیا جارہا ہے۔