اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجی اور بین الاقوامی کمپنیوں پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان میں شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں ،نجکاری کے بعد کراچی الیکٹرک کی کارکردگی میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کراچی الیکٹرک کے4 رکنی وفدنے ملاقات کی ۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کراچی الیکٹرک کے سرمایہ کاروں کو انرجی سیکٹر خصوصاً شمسی توانائی کے شعبے سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کراچی الیکٹرک کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے نجی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قابل تجدید بالخصوص توانائی کے ذخائر سے بجلی پیدا کرنے کو ترجیح دے رہی ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں موجود سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کئے جانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی الیکٹرک کے لائن لاسز میں کمی اور ریونیو کلیکشن میں بہتری آئی ہے جو کہ باقی ڈسٹربیوشن کمپنیوں کے لئے ایک مثال ہے۔ملاقات میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ کراچی الیکٹرک کے وفد میں شیخ عبدالعزیز حمد الجومیہ،شان عباس،نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کراچی الیکٹرک ، سید مونس عبداللہ علوی،چیف ایگزیکٹو افسر کراچی الیکٹرک اور عمران حسین قریشی چیف ریگولیٹری افسر کراچی الیکٹرک شامل تھے۔