نجی ایئر لائن کی پہلی پرواز 147حاجیوں کو لے کر جدہ سے لاہور پہنچ گئی، وزیر صحت پنجاب نے استقبال کیا

19
نجی ایئر لائن کی پہلی پرواز 147حاجیوں کو لے کر جدہ سے لاہور پہنچ گئی، وزیر صحت پنجاب نے استقبال کیا

لاہور۔11جون (اے پی پی):نجی ایئر لائن پی اے 473 کی پہلی پرواز 147حاجیوں کو لے کر جدہ سے لاہور پہنچ گئی۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے حاجیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر حج ڈائریکٹوریٹ لاہور سید عارف حضور اور ڈپٹی ڈائریکٹر مجیب شاہ بھی موجود تھے۔

ایئر پورٹ پر حاجیوں کی آمد کے موقع پرصوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے حاجیوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر ہر حاجی نے حج کے دوران سرکاری طور پربہترین انتظامات کو سراہا جبکہ پاکستان او ر سعودی حکومتوں سے اظہار تشکر بھی کیا،رواں سال حاجیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی گئیں جن کی ماضی میں کہیں مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم محمد شہباز شریف، پاکستانی ایئر لائنز اور ایئرپورٹ انتظامیہ کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں جنہوں نے حاجیوں کے لئے اچھے انتظامات کئے جس کی وجہ سے تمام حاجی اللہ کے فضل اور عافیت سے واپس اپنے وطن آنا شروع ہو گئے ہیں اور پاکستان کے لئے بھی دعا گو ہیں۔وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ہم اس بات پر بہت خوش ہیں کہ پوری پاکستانی قوم کا جذبہ جوان ہے،اللہ تعالی پاکستان کو مزید کامیابیوں سے نوازے۔