اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئر مین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ نجی بینکوں کو سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت (ایف ایس سی) کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی اپنی اپیلیں واپس لے لینی چاہئیں۔ انہوں نے اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سود پر مبنی معاشی نظام سے نجات کے لیے سپریم کورٹ سے قومی اور ریاستی بینکوں کی اپیلیں واپس لینے کےحوالہ سے عملی اقدامات کیے ہیں۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایف ایس سی کے فیصلے پر عمل درآمد میں علمائے کرام اور مشائخ کی ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے ملک کے معاشی نظام کو سود سے پاک بنانے کے لیے تمام مالیاتی اداروں کی مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی تجویز پیش کی، سود احکام الٰہی کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرے جو مبینہ طور پر مقامی سطح پر سود پر مبنی نظام میں ملوث ہیں۔ انہوں نے تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں اور بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی نئی لہر سے نمٹنے کی اجتماعی کوششوں میں مدد کریں۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے بھی اپیل کی کہ وہ ‘چارٹر آف پاکستان’ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے قومی دھارے میں آئیں کیونکہ یہ وقت کی ضرورت ہے اور اس سے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر قابو پانے اور بہتری لانے میں مدد ملےگی ۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ جس طرح ‘پیغام پاکستان’ کو معاشرے کے تمام طبقات میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اسی طرح ملک کے سماجی، اقتصادی اور خارجہ امور کے معاملات پر ‘چارٹر آف پاکستان’ کی شکل میں طویل المدتی پالیسیاں ہونی چاہئیں۔ اور اس پر آنے والی تمام حکومتوں اور قومی اداروں کو وسیع تر قومی مفاد میں عمل درآمد کرنا چاہیے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی کے معاملے میں اسلامی اور عرب دنیا کے خارجی معاملات میں تبدیلی کے باعث نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتوں سے ملک میں آنے والے دنوں میں سعودی سرمایہ کاری کی شکل میں مزید تعاون ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح دیگر اسلامی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی اور سعودی عرب سے اچھی خبریں آئیں گی۔
انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کے اداروں اور مسلح افواج کے خلاف منظم مہم کے پیچھے بیرونی قوتوں اور ریاست مخالف عناصر کا بڑا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی دفاعی اداروں اور پاک فوج کے خلاف اپنے قدیم دشمن کے من گھڑت پروپیگنڈے کا حصہ بننے کی بجائے عملی نقطہ نظر سے اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔