نرسنگ کے شعبہ میں جدید اصلاحات لا رہے ہیں،خواجہ سلمان رفیق

117

لاہور۔30مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں ورلڈ نرسز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی نرسنگ پنجاب اور صوبہ بھر سے نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آج کا دن نرسوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہے،نرسنگ کا شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،یہ نرسیں ہی ہیں جو ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی بے لوث خدمت کرتی ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ نرسنگ کے شعبہ میں جدید اصلاحات لا رہے ہیں،

تمام نرسنگ کالجز کی ری ویمپنگ انتہائی خوش آئند ہے، نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صحت کارڈ کو انشا اللہ بہتر شکل میں لانچ کریں گے۔ صحت کارڈ کی حد کو دس لاکھ روپے سے بڑھا رہے ہیں۔ہماری نرسز پاکستان سمیت پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔ ہمیں نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرگودھا میں افسوس ناک واقعہ کی خود ایف آئی آر کروائی ہے۔