اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو شعور ‘ فراست ‘ اور جذبہ ایمانی جیسی صفات سے روشناس کروایا ،نسل نو کی بہترین تربیت کے لئے علامہ محمد اقبال کے فلسفے اور فکر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پیر کو یومِ اقبال کے حوالے سے خصوصی پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آج اس شخصیت کا یومِ ولادت ہے جنہیں مفکر پاکستان، عظیم فلسفی اور حکیم الامت کے نام سے جانا جاتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں یہ بات کبھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ آج جس آزاد اور خودمختار ریاست میں ہم اپنی آزادانہ زندگیاں بسر کر رہے ہیں وہ حضرت علامہ اقبال رح کے خواب کی عملی تعبیر ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا کلام، قرآن و سنت کی ترجمانی کرتا ہے۔اور آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو شعور ‘ فراست ‘ اور جذبہ ایمانی جیسی صفات سے روشناس کروایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج بھی نسل نو کی بہترین تربیت کے لئے ضروری ہے کہ مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے فلسفے اور فکر کو فروغ دیا جائے۔\