نشے سے پاک پشاور مہم، کریک ڈاؤن کے پہلے روز 150 سے زائد نشے کے عادی افراد تحویل میں لیکر بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا

86

پشاور۔ 07 نومبر (اے پی پی):نشے سے پاک پشاور مہم کے سلسلے میں کریک ڈاؤن کے آغاز پر پہلے روز یونیورسٹی روڈ کارخانوں اور حیات آباد انڈسٹریل روڈ سے 150 سے زائد نشے کے عادی افراد تحویل میں لیکر بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق تحویل میں لئے گئے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر قیادت کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی نشے سے پاک پشاور مہم کے سلسلے میں کارروائی روزنامہ کی بنیاد پر جاری رہے گی

اور 14 نومبر تک پورے شہر سے نشے کے عادی افراد کا صفایا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایات کے مطابق کریک ڈاؤن ہفتہ وار چھٹیوں کے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔ خصوصی کریک ڈاؤن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل پشاور ہاشم راؤ کی سربراہی میں کیا گیا جبکہ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر، اسسٹنٹ ٹو کمشنر پشاور ڈویژن گل رحمان مروت، محکمہ ایکسائز، پشاور پولیس، رضاکار اور عوام نے بھی حصہ لیا۔