نصاب میں اصلاحات کے ذریعے معیاری تعلیم پر توجہ دے کر فائونڈیشن لرننگ کی طرف جارہے ہیں ، وفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا عالمی یوم تعلیم پر تقریب سے خطاب

105

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وسیم اجمل چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نصاب میں اصلاحات کے ذریعے معیاری تعلیم پر توجہ دے کر فائونڈیشن لرننگ کی طرف جارہے ہیں ، نئی نسل کو ایسے علم سے آراستہ کرنا ہے کہ وہ شخصی تصور ، معاشرتی علم اور عالمی پس منظر کو بہتر بنا سکے ۔وہ بدھ کو نیشنل لائبریری میں عالمی یوم تعلیم کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب میں سپیشل سیکرٹری محی الدین وانی ، پاکستان انسٹی ٹیو ٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد شاہد سرویہ ، اسلام آباد چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن بختاروری ، اللہ والا ٹرسٹ کے سربراہ شاہد انور سمیت وزارت تعلیم کے حکام ، یو ایس ایڈ ، یونیسف ، یونیسکو ، جائیکا کے علاوہ شعبہ تعلیم میں کام کرنے والے ڈویلپمنٹ شعبے کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

وفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی تعمیر و ترقی اور انفرادی ترقی کےلئے اہم ہے ۔ہم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک ہم بچوں اور نوجوانوں کو ہنر نہیں سکھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے تعلیم کلاس روم ، سکول اور ٹیچر ٹریننگ ویژن تک تھی لیکن اب ہم نے اپنا ہدف لرننگ بنایا ہے جس کے حصول کے لئے کوششیں کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کی حالیہ تعلیمی شماریاتی رپورٹ22۔2021کے مطابق 2 کروڑ 62 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور جو سکولوں کے اندر ہیں ان کا سیکھنے کا معیار کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں متنوع کلچر ہے ، ملکی، صوبائی اور ضلعی سطح پر اقلیتوں ، خواتین ، خصوصی افراد ، مدارس کے بچوں سمیت ہر جگہ پر ہمددری لازمی جزو ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم امن میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے ۔ اسلام آباد چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ آج جس طرح تعلیم کے عالمی دن پر پرائیویٹ سیکٹر کو اکٹھا کیا گیا ہے اسی طرح معمول کے دنوں اور سرگرمیوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر چلا جائے تو سکولوں سے باہر بچوں کی بڑی تعداد کو سکولوں میں لایا جاسکتا ہے ۔

اللہ والا ٹرسٹ کے سربراہ شاہد نور نے کہا کہ ہم نےلاہور، اسلام آباد ، گلگت بلتستان ، چلاس ،سکردو اور فیصل آباد میں سکول میل پروگرام کا آغاز کیا ہے،جس کے تحت اب تک198 سکولوں کے 43ہزار 212 بچوں کو خوراک فراہم کی گئی ، ہماری اس سرگرمی سے سکولوں میں 24 فیصد داخلے ، 28 فیصد حاضری بڑھی ہے ۔ خوراک کی فراہمی سے بچوں میں پی ایم آئی 86 فیصد تک پہنچ گئی ۔