نصاب میں خاندانی منصوبہ بندی شامل کرنا ہو گی، ہماری وزارت میں وسائل کا صحیح استعمال ہو رہا ہے، ڈاکٹر ندیم جان

125
نصاب میں خاندانی منصوبہ بندی شامل کرنا ہو گی، ہماری وزارت میں وسائل کا صحیح استعمال ہو رہا ہے، ڈاکٹر ندیم جان

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی): وفاقی نگران وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ ہمیں نصاب میں فیملی پلاننگ شامل کرنا ہو گی، ہماری وزارت میں وسائل کا صحیح استعمال ہو رہا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کووزارت صحت کی جانب سے آل پاکستان خواتین کنونشن برائے خاندانی منصوبہ بندی سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہاکہ پالیسی لیول پہ ہماری وزرات نمبر ون منسٹری ہے۔ ہماری وزارت میں وسائل کا صحیح اور درست استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نصاب میں فیملی پلاننگ شامل کرنا ہو گی، اس سلسلے میں آن لائن کورس ایک اچھا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی یا فیملی پلاننگ بھی انسانی حقوق میں آتا ہے۔ ہم خواتین کی شناخت کے حوالے سے مدد کریں گے۔ ہمارے پاس 89 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز ہیں، جلد ہی 1 لاکھ 50 ہزار تک کر دیں گے،ہمارے پولیو ہیلتھ ورکرز جان پر کھیل کر گھر گھر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیملی پلاننگ کی مہم میں کمیونٹی والنٹیئرز کو بھی شامل کریں گے جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ساتھ لے کر چلنا ہے،ہمارے اس پروگرام کو دنیا سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پروگرام ہو ہم چاہتے ہیں سب اس میں شامل ہوں۔ہم نے عالمی تعاون سے ہی آگے چلنا ہے۔