
اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سیرت کانفرنس میں جن جذبات کا اظہار کیا وہ عالم اسلام کے جذبات کا اظہار ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ آٹھویں اور نویں جماعت کے نصاب میں سیرت طیبہ پڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نصاب میں سیرت طیبہ کو شامل کرنا خوش آئند اقدام ہے۔ قوم جلد دیکھے گی کہ اس حوالے سے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے عالم اسلام میں پاکستان کا کردار مزید بہتر اور نمایاں ہوگا۔ گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام مسلم ممالک کے سربراہان مملکت کو خطوط لکھے ہیں اور رابطے بھی کر رہے ہیں، انشاءاﷲ پاکستان اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گا۔