ڈیرہ مراد جمالی ۔ 24 دسمبر (اے پی پی):نصیرآباد میں بھی مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار کرسمس عقیدت و احترام سے منا رہی ہے، اس دن کی مناسبت سے ڈیرہ مراد جمالی میں بھی تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی نصیرآباد ڈاکٹر محمد سمیع ملک اور ایس ایس پی جعفرآباد میڈم فریال فرید تھے۔ ایس ایس پی نصیرآباد ڈاکٹر محمد سمیع ملک اور ایس ایس پی جعفرآباد میڈم فریال فرید کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اور ہار پہنا کر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تقریب کے آغاز کے بعد مسیحی کمیونٹی کی جانب سے ایس ایس پی نصیرآباد ڈاکٹر محمد سمیع ملک اور ایس ایس پی جعفرآباد میڈم فریال فرید کو روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پی ایس او کرم دین ابڑو ، اور اسٹاف سمیت مسیحی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ ایس ایس پی نصیرآباد ڈاکٹر محمد سمیع ملک اور ایس ایس پی جعفرآباد میڈم فریال فرید نے کیک کاٹ کر مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار کی مبارک باد پیش کی تقریب میں بچوں کی جانب سے ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی نصیرآباد ڈاکٹر محمد سمیع ملک نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کے ہمارے مسیحی بھائی زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں محکمہ پولیس میں بھی مسیحی کمیونٹی کا کردار نمایاں ہے انہوں نے مزید کہا کہ نصیرآباد میں مسیحی کمیونٹی کی الگ کالونی کے لئے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کروں گا ۔تقریب کے اختتام میں ملکی ترقی ، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئی۔