کوئٹہ۔ 24 جنوری (اے پی پی):نصیر آباد ڈویژن میں انتخابات کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں ، ڈویژن بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی جانب سے تمام اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔نصیرآباد ڈویژن میں کل آبادی2004332ہے جس میں ووٹرز کی تعداد 856804 ہے جو آنے والی جنرل الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے ۔
ضلع نصیرآباد میں کل آبادی 563377 ہے جس میں سے مرد ووٹرز 127887 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 111872 ہے ۔ ضلع نصیرآباد میں 239759 لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے ۔ اسی طرح ضلع جعفرآباد کی کل آبادی 302498 ہے جس میں سے مرد ووٹروں کی تعداد 72899 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 63407 ہے۔ ضلع صحبت پور کی کل آبادی 200416 ہے ، مرد ووٹرز 59492 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 56512 ہے ۔
ضلع استامحمد کی کل آبادی 292060 ہے جس میں سے مرد ووٹروں کی تعداد 74586 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 69055 ہے۔ ضلع کچھی کی کل آبادی 442612 ہے جس میں مرد ووٹروں کی تعداد 84011 ، خواتین 62991 ووٹرز کی تعداد درج ہے جبکہ ضلع جھل مگسی میں کل آبادی 203368 میں سے 40906 مرد جبکہ 33186 خواتین الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے ۔
ڈویژن بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی جانب سے پولنگ بوتھ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، تمام پولنگ سٹیشنز میں حساس ، انتہائی حساس اور نارمل پولنگ سٹیشنز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے ۔
کمشنر نصیرآباد ڈویژن طارق قمر بلوچ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کرنے کیلئے ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ الیکشن کے دوران علاقے میں امن امان کی بحالی کو قائم رکھنے کے لئے پولیس ، لیویز کے جوان اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینگے ۔