نفرت ، تفرقہ اور فساد کو ہوا دینے والے ہر قسم کے اقدامات سے گریز کرنے کی ضرورت ہے ، سردار محمد یوسف

108

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ نفرت ، تفرقہ اور فساد کو ہوا دینے والے ہر قسم کے اقدامات سے گریز کرنے کی ضرورت ہے ، قومی یکجہتی کی وجہ سے ہم نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا ہے کہ آئندہ کبھی وہ ایسی جرات نہیں کرے گا ۔ علماء و مشائخ کونسل آئینی و قانونی حیثیت دے کر اس کے دائرہ کار کو وسیع اور موثر بنانا چاہتے ہیں ۔

جمعرات کو مقامی ہوٹل میں علماء و مشائخ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے افواج پاکستان نے دشمن کو موثر انداز میں جواب دیکر ملک کا نام روشن کیا ہے ۔میں اس وقت سعودی عرب میں مقیم تھا ، سعودی عرب کی عوام سمیت پوری دنیا کے لوگ ہمیں اس بے مثال کامیابی پر مبارکباد دے رہے ہیں ، قومی یکجہتی کی وجہ سے ہم نے دشمن کا اس طرح مقابلہ کیا ہے کہ آئندہ انہیں ایسے اقدام کی جرات نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ میں اس کامیابی پر وزیراعظم محمد شہبازشریف ، چیف آف آرمی سٹاف ، ایئر چیف اور نیول چیف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ علماء و مشائخ اپنے مدارس اور تعلیمات کے ذریعے قومی یکجہتی کی فضاء کو مزید مستحکم بنائیں ۔

انہوں نے کہاکہ علماء ومشائخ کونسل کو آئینی و قانونی حیثیت دینے کے لیے جلد ہی بل لانا چاہتے ہیں جس کے لیے علماء کرام کی آراء درکار ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ علماء و مشائخ کونسل کے دائرہ کار کو وسیع و موثر بنایا جائے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ علماء و مشائخ کونسل کے قیام پر حکومت عملی اقدامات اٹھائے گی ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ قرآن حکیم کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنا لازمی قرار دینا ، قرآن حکیم کا مصدقہ ڈیجیٹل نسخہ دستیاب بنانا ، علماء و مشائخ کونسل کے ادارے کے کردار کو فعال اور مربوط بنانا اہم ترین ایجنڈا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی ہمارے دین کے بنیادی عقائد اور واحد کو نقصان نہ پہنچا سکے ۔

نفرت ، تفرقہ اور فساد کو ہوا دینے والے ہرقسم کے اقدامات سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔سردار محمد یوسف نے کہاکہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے ساتھ ساتھ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے امن اور خوشحالی کی جگہ بنائیں گے ۔