اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تجارت، صنعت، سرمایہ کاری و داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ نقل و حمل کے بہترین ذرائع اور سڑکوں کے بغیر تجارت ناممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار نگران وفاقی وزیر نے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزان کستافین سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں علاقائی روابط کو بہتر بنانے اور دوطرفہ تجارت سمیت دونوں ممالک کے درمیان لاجسٹکس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے تجارت اور ربط پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’ذرائع نقل و حمل کے بغیر تجارت ناممکن ہے‘‘۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط لاجسٹکس کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر تجارت سے ملاقات میں قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے قازقستان کے وزیر تجارت اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع تلاش کرنا اور دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینا ہے۔ سفیر نے مزید کہا کہ بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر غور کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے دوطرفہ تعلقات میں تجارت اور لاجسٹکس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "تجارت اور لاجسٹکس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔”
انہوں نے سٹریٹجک تعاون کے ذریعے تجارت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم پر بھی زور دیا۔سفیر کستافین نے کہا کہ قازقستان سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں رمضان کے مہینے کے بعد دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی کاروباری افراد کے لیے ای ویزا متعارف کرانے، ویزا کی درخواست کے عمل کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری رابطوں کو آسان بنانے کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔