راولپنڈی ۔24نومبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) اورادویہ ساز کمپنی فوکس اینڈ رلز نے مفاہمت کی دستاویز (ڈی او یو) پر دستخط کئے ہیں جس سے دنیا میں اس کی مزید مسابقت کیلئے تحقیق و ترقی میں نجی شعبہ کی استعداد کار بڑھانے اور کمی کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔
ایک سادہ تقریب میں مفاہمت کی دستاویز پر نمز کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید محمد عمران مجید اور فوکس اینڈ رلز کے چیف ایگزیکٹو فضلی حنان نے دستخط کئے۔ اس موقع پر دوسروں کے علاوہ پرو وائس چانسلر ایڈمنسٹریشن میجر جنرل (ر) سید عمار رضا ہمدانی، ڈین فیکلٹی آف ملٹی ڈسپنلری سٹڈی عائشہ محی الدین اور ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر اویس سراج بھی موجود تھے۔
میسرز فوکس اینڈ رلز جس کا سلوگن ”صحت ہمارامحور” ہے، پاکستان میں نیچرل اور ہربل سپلیمنٹس کا پہلا مینوفیکچرر ہے، جو مختلف طرح کی بہتر ین پراڈکٹس کی تیاری کیلئے وقف ہے۔ اس موقع پر اپنے مختصر ریمارکس میں نمز کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد عمران مجید نے تعلیمی و صنعتی شعبوں اور انڈسٹری کے درمیان تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز نے اس سلسلہ میں پہلے ہی تفصیلی بات چیت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا کام نجی شعبہ کو بعض پراڈکٹس کی تیاری میں مدد کیلئے تحقیق و ترقی کو فروغ دینا ہے جبکہ نجی شعبہ اپنے تجربہ سے مارکیٹس میں جگہ بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم نجی شعبہ میں اپنی صنعت کیلئے جو کچھ کریں گے اسی سے ہماری جانچ ہو گی جو یونیورسٹی کیلئے سماجی و اقتصادی اثرات کی حامل ہو گی اور یونیورسٹی کو اسی طرح پرکھا جائے گا نہ کہ اشاعتوں کی بنیاد پر ۔
فضلی حنان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نمز سائنسدانوں ، جدید لیبارٹریوں اور مالیاتی وسائل سے لیس ہے تاکہ نجی شعبہ کو تحقیق و ترقی میں مدد دی جائے جیسا کہ دنیا بھر کی یونیورسٹیز میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں دو چیزوں میں پیچھے ہیں، ایک یہ کہ تحقیق کیلئے ہمارے پاس مطلوبہ وسائل نہیں اور دوسرا ہمارے پاس مطلوبہ فنڈز اور انسانی وسائل نہیں اور اس کمی کو نمز کے ذریعہ پورا کیا جا سکتا ہے جن کی فارماسیوٹیکل کمپنیاں مشرقی یورپ، جنوبی ایشیائ، مغربی افریقہ کے 12 ممالک اور کمبوڈیا کو ادویات فروخت کر رہی ہیں۔
فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی نمز کے ساتھ انڈرسٹینڈنگ ہوئی ہے جسے صحت کی جدید تعلیم ، ریسرچ اور ہسپتالوں کے ایک جامع نیٹ ورک میں خدمات کی فراہمی کے فروغ کا مینڈیٹ حاصل ہے اور اس سلسلہ میں اس نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے جو میڈیکل اور نرسنگ کالجوں کے خصوصی اداروں میں شامل ہے۔
مفاہمت کی دستاویز کے تحت استعداد کار اور تربیت سمیت ہیلتھ کیئر سے متعلق تحقیق و ترقی ایک طویل المدت تعلق ہے جس میں خاص طور پر بائیو ایکولینس سٹڈیز، کلینیکل ٹرائلز اور ہیلتھ کیئر پراڈکٹس ڈویلپمنٹ سمیت فارماسیوٹیکل ٹیسٹنگ پر خصوصی زور دیا گیا۔