17.3 C
Islamabad
بدھ, مارچ 19, 2025
ہومقومی خبریںنمل ترک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ترکیہ کی 110 ویں چنکالے فتح...

نمل ترک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ترکیہ کی 110 ویں چنکالے فتح کی یاد میں تقریب کا انعقاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز، ترک ڈیپارٹمنٹ نے منگل کو ترکیہ کی 110 ویں چنکالے فتح اور ترک قومی ترانے کی باضابطہ منظوری کا جشن مناتے ہوئے ایک یادگار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو تھے۔ تقریب میں ڈی جی نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر، ترک سفارتخانے کےایجوکیشن اتاشی اور سفارتخانے کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ تقریب سے قبل سفیر عرفان نذیر اوغلو اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے باہمی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں عوامی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعلیمی تبادلوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ریکٹر نمل نے ترکیہ کی حکومت اور دوزجے یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان تعلیمی اقدامات کو ممکن بنایا جو طلباء کو عالمی معیار کے تعلیمی ماحول سے روشناس کرانے اور طویل مدتی علمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ترتیب دیئے گئے ہیں۔

- Advertisement -

یادگاری تقریب میں ڈین فیکلٹی آف لینگویجز ڈاکٹر جمیل اصغر جامی نے مہمانان کو خوش آمدید کہا اور پاک-ترکیہ تعلقات پر روشنی ڈالی جس کے بعد چنکالے فتح پر مبنی ایک تاریخی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ تقریب میں ترک ڈیپارٹمنٹ کے طلباء اور فیکلٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی پرفارمنس نے تقریب میں ایک متحرک ثقافتی رنگ بھرا۔

اپنی تقریر میں سفیر نذیر اوغلو نے معروف شاعر علامہ اقبال کی تاریخی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان پائیدار تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی چیلنج کے باوجود ترکیہ ہر فورم پر پاکستان کی بھرپور حمایت کرے گا۔ مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے سفیر نے موجودہ مفاہمتی یادداشت کے تحت طلباء کے تبادلے کے پروگرام کو مزید وسعت دینے کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ قریب مستقبل میں ہم اپنے ترک جامعات میں بہت سے مزید نمل کے طلباء کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف پاکستان کے مستقبل بلکہ ترکیہ اور امت کے مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ہی مضبوط ہیں۔پرو ریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر صفیر اعوان نے اس موقع پر سفیر اور ان کی ٹیم کا تشریف آوری اور تقریب کا حصہ بننے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قومی تاریخ کو یاد رکھنے اور اس کو قدر دینے کی اہمیت پر زور دیا اور اپنی تقریر میں تعلیمی تعاون کو فروغ دینے اور تحقیقی میدان میں شاندار کارکردگی دکھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں ڈاکٹر صفیر اعوان نے سفیر نذیر اوغلو کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573833

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں