
اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں ترکیہ اور پاکستان کے 75 سالہ سفارتی تعلقات کی تقریبات کے سلسلے میں ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال تھے، اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجے، ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر، پرو ریکٹرز، ڈینز، صدور شعبہ ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ ہر مسئلے پر ساتھ دیا چاہے وہ اسلامو فوبیا ہو، کشمیر یا کوئی اور بین الاقوامی ایشو، ترکیہ پاکستان کے ساتھ یکجان دو قالب کی طرح کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں ترک حکومت اور عوام کا جذبہ قابل تحسین ہے، ترک صدر کی طرف سے فوری امدادی سرگرمیاں اور پاکستان حکومت کے ساتھ تعاون نا قابل فراموش ہے۔انہوں نےکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں۔
آخر میں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر نے معزز مہمان کو یونیورسٹی کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ قبل ازیں افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی سابق سفیر سہیل محمود تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈئیر سید نادر علی، ڈین لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر جمیل اصغر جامی، ترک سفیر اور دیگر سفرا کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ واضح رہے کہ کانفرنس نمل کے شعبہ ترکش سٹدیز اور سفارتخانے کی طرف سے منعقد کی گئی۔