اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور ڈریم اسپورٹس گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جو تحقیق، جدت اور نوجوانوں کی ترقی کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ہفتہ کونیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز،پبلک ریلیشنز آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نمل اور نادرا کے درمیان ہونے والا معاہدہ مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مہارت کے تبادلے کے فروغ کے لیے کیا گیا۔
دونوں ادارے اپنے اپنے مقاصد کے مطابق تحقیق اور ترقی کی سرگرمیوں کے دائرہ کار اور موضوعات کا باہمی طور پر تعین کریں گے۔ اس معاہدے پر نمل کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر شہزاد منیر اور نادرا کے ٹی ایل (SID) ڈاکٹر قمر فاروق نے دستخط کیے۔
ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر نمل نے ڈریم اسپورٹس گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ بھی معاہدہ کیا تاکہ نوجوانوں میں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ اس ایم او یو پر نمل کے ڈی جی بریگیڈیئر شہزاد منیر اور ڈریم اسپورٹس گروپ کے چیئرمین چوہدری قیصر اقبال بریار نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ طلباء کی جسمانی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ریکٹر نمل، میجر جنرل شاہد محمود کیانی (ریٹائرڈ) نے دونوں تقاریب میں شرکت کی۔ انہوں نے ان اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اشتراک کار تحقیق، جدت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں مثبت نتائج دیں گے۔