نمونیا جیسی مہلک بیماری سے بچائو کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، سپیکر قومی اسمبلی

85

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ویکسینیشن، متوازن غذا، صحت مند طرز زندگی اور صاف پانی کے استعمال و دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کے ذریعے اس نمونیا جیسے مہلک مرض سے نجات ممکن ہے،نمونیا سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد متاثر ہوتی ہے۔ منگل کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ نمونیا جیسی مہلک بیماری سے بچائو کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے میدان میں جدید ویکسین اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جارہا ہے، صحت کے شعبے میں اصلاحات اور جان لیوا بیماریوں کے خاتمے کے لیے قوانین کے نفاذ میں پارلیمنٹ کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ صحت سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کے لیے موثر کردار ادا کیا ہے، والدین، اساتذہ، میڈیا اور سول سوسائٹی نمونیا سے متعلق عوام میں آگاہی اجاگر کریں، ہر شہری کو صحت سے متعلق مکمل اور معیاری معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، صحت مند اور محفوظ پاکستان کے خواب کو پورا کرنے کے اس سفر میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔