کراچی۔ 20 جنوری (اے پی پی):جامعہ کراچی کے فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے سندھ فوڈ اتھارٹی کے آپریشنل ڈپٹی ڈائریکٹرز کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق تربیت کا مقصد سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران کو سالٹ فورٹیفیکیشن پر تربیت دینا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا کہ سندھ کا تقریبا 70فیصد نمک کراچی میں پیدا ہوتا ہے اور اس مقصد کے لیے کراچی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے آگاہی فراہم کرنے کی وجہ سے لوگ آیوڈین ملا نمک استعمال کر رہے ہیں اور ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ آغا فخر نے کہا کہ جو لوگ نمک کے کاروبار سے وابستہ ہیں وہ سندھ فوڈ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کریں۔ ورکشاپ کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے ورکشاپ کے شرکا کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431725