نمیرہ سلیم تمام خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں،ان کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے،نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی پہلی پاکستانی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم سے گفتگو

247
الیکشن 2024 کی کوریج کے دوران پی ٹی وی نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا، پی ٹی وی نے ثابت کیا کہ وہ دیگر چینلز کیلئے رول ماڈل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پی ٹی وی ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم نے ملاقات کی اور انہیں 5 اکتوبر کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا۔ نمیرہ سلیم نے خلا میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نمیرہ سلیم کو خلائی سفر شروع کرنے پر حکومت پاکستان، وزیراعظم اور عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نمیرہ سلیم تمام خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں، ان کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کے لئے اہم کامیابی ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نمیرہ سلیم کی اس کاوش سے پاکستان کے امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل زندگی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام دنیا میں بلند کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ نمیرہ سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نمیرہ سلیم 21 اپریل 2007ءکو قطب شمالی اور 8 جنوری 2008ءکو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں جبکہ آئندہ ماہ وہ خلائی سفر پر روانہ ہو رہی ہیں۔