ننکانہ صاحب ،عشرہ محرم الحرام پر امن طریقے سے اختتام پذیر سیکورٹی اداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر

21

ننکانہ صاحب۔ 07 جولائی (اے پی پی):ضلع ننکانہ میں عشرہ محرم الحرام کا پر امن اختتام ہو گیا۔ ڈی پی او سید ندیم عباس نے دن رات مسلسل محنت، ہمت اور لگن سے بہترین سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے والے تمام پولیس کے افسران و جوانوں کو شاباش دی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں عشرہ محرم کے دوران 134 جلوس اور 256 مجالس منعقد ہوئیں جن پر ضلعی پولیس کی طرف سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس افسران و جوانوں نے عشرہ محرم کے دوران دن رات مسلسل محنت، ہمت، لگن اور جانفشانی سے ڈیوٹی سر انجام دی اور محکمہ کے وقار کو بلند کیا۔

عشرہ محرم میں ضلعی انتظامیہ کے تمام ادارے ریسکیو 1122، تحصیل اور میونسپل کمیٹیز، محکمہ صحت، واپڈا، سول ڈیفنس اور دیگر تمام اداروں کے مشترکہ تعاون سے عشرہ محرم کا پر امن انعقاد ہوا۔ تمام اداروں کے سربراہان اور ملازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے پوری ایمانداری سے عشرہ محرم کی ڈیوٹی سرانجام دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عشرہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر سب سے اہم اور مثالی کردار ضلعی ممبران امن کمیٹی، تمام مسالک کے علماء کرام، انجمن تاجران، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کا ہے

جنہوں نے بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صبر، تحمل، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی فضاء کو قائم رکھا۔ الحمد للّہ تمام مسالک کے مذہبی اور عبادتی پروگرامز بلا خوف و خطر سیکیورٹی کے سخت حصار میں منعقد ہوئے۔ دعا گو ہوں کہ اللہ پاک تمام اداروں کا مشترکہ تعاون، ملک پاکستان کی سلامتی اور سالمیت کو ہمیشہ قائم رکھے۔