ننکانہ صاحب ۔ 06 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک میں پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی ریلیف پیکج دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت رمضان نگہبان پیکج کے تحت شہریوں میں بینک ڈرافٹس / رقوم کی تقسیم بارے اہم اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جونیجو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر ، ضلعی افسران ، الفلاح ، یو بی ایل ، ایچ بی ایل اور دیگر فرنچائزز کے نمائندے بھی شریک تھے۔
اس موقع پر متعلقہ افسران و بینکوں کے نمائندگان نے رقوم کی ترسیل کے عمل بارے ڈی سی کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور ڈیجیٹل طریقہ کار سے رجسٹریشن و تقسیم وزیراعلیٰ مریم نواز کا تاریخ ساز اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب کے 42 ہزار 07 سو 93 مستحقین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 11 ہزار سے زائد مستحق رجسٹرڈ گھرانوں کو انکی دہلیز پر بینک ڈرافٹس تقسیم کیے گئے۔
ڈی سی ننکانہ نے بتایا کہ 15 رمضان المبارک تک ضلع کے تمام رجسٹر گھرانوں میں بینک ڈرافٹس/ رقوم کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر ضلعی افسران فیلڈ میں جا کر ٹیموں کی مانیٹرنگ کریں اور مستحقین کی امانتیں جلد از جلد انکے حوالے کریں۔
ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے رمضان نگہبان پیکج کے تحت کم آمدنی والے گھرانوں کو 10 ہزار روپے فی خاندان مالی امداد دی جا رہی ہے اس شفاف اور آسان نظام کے تحت شہری کسی بھی بینک میں پے آرڈر جمع کروا سکتے ہیں یا شہری پنجاب بینک ، الفلاح بینک ، ایچ بی ایل کنیکٹ اور یو بی ایل اومنی سے بغیر کسی کٹوتی کے رقم وصول کر سکتے ہیں۔