ننکانہ صاحب ۔ 09 فروری (اے پی پی):میونسپل کرکٹ اسٹیڈیم ننکانہ صاحب میں چوتھے بابا گورونانک دیو جی کشتی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو ، ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کشتی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہرجیت سنگھ بلن رستم ہند فرام کینیڈا، عمر پہلوان رستم پاک و ہند فرام گوجرانولہ نے کیا۔
ریسلنگ کے مقابلے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔دیسی کشتی میں جانی پہلوان نے مدمقابل کو پچھاڑ کے شیر پنجاب کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔گدا کشتی میں کینیڈا کے پہلوان جستیج سنگھ مونڈی نے 10/3 سے مقابلہ جیت کر شیر پنجاب کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ، گدا کشتی میں پرتاب سنگھ فرام کینیڈا نے اپنے مد مقابل کو 9/1 سے شکست دے کر شیر پنجاب کا ٹائٹل جیت لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب میں یہ ایونٹ ہونا اور کینیڈا سے کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے یہاں لاءاینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ننکانہ صاحب کی عوام دنیا بھر آنے والے سکھ یاتریوں اور کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار نے اے پی پی سے خصوصی طورپر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کے مقابلے انتہائی منظم طریقے سے کروا کر پنجاب لیول کی چیمپئین شپ بنائی جائے گی۔ننکانہ صاحب کے چیمپئن پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار نے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کی۔