کوئٹہ ۔9جنوری (اے پی پی):کوئٹہ سے رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوابزادہ جمال رئیسانی نے خضدار کے علاقے زہری میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ناکام حملوں سے بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے ایسے گھنائونے عمل کو امن،انسانیت اور معاشرتی اقدار پرحملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔حکومت بلوچستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے اور انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا یہ بدترین عمل بلوچستان کو غیر مستحکم اور تباہ کرنے کی ناپاک سازش ہے،دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی املاک کو جلانا اور تکلیف دینا انسانیت نہیں۔