نواب محمد خان شاہوانی کا جامعہ بلوچستان کوئٹہ کا دورہ، تعلیمی و ترقیاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار

2

کوئٹہ۔ 19 جون (اے پی پی):سابق صوبائی وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بلوچستان نواب محمد خان شاہوانی نے جمعرات کو جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،ملاقات میں ان کو جامعہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان جامعہ بلوچستان کے بیان کے مطابق دورے کا آغاز جامعہ کی مرکزی لائبریری سے ہوا، جہاں چیف لائبریرین جناب عابد شاہ نواز نے مہمانوں کو لائبریری کی سہولیات، علمی و تحقیقی ذخائر، ڈیجیٹل سروسز، اور تحقیق کے فروغ سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے لائبریری کے کردار پر مختصر لیکچر بھی پیش کیا۔بعد ازاں وفد نے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر وائی ڈی سی، یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ اور بوٹینیکل گارڈن کا معائنہ کیا۔

ان مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں، سہولیات کی بہتری، اور طلبہ کے لیے فراہم کی گئی غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ مہمانوں نے ان اقدامات کو سراہا اور یونیورسٹی کی ہمہ جہت ترقی کو قابلِ تقلید قرار دیا۔ دورہ کے دوران غلام فاروق بادینی، ڈائریکٹر جنرل، انجینئرنگ اینڈ ورکس جناب ولی الرحمٰن، ڈائریکٹر جنرل، پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ، ڈاکٹر شبیر احمد شاہوانی۔میر پسند خان شاہوانی اجمل شاہوانی بھی موجود تھے۔اس موقع پر نواب محمد خان شاہوانی نے جامعہ بلوچستان کی تعلیمی، سماجی اور تعمیراتی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔دورہ باہمی شکریہ اور تعلیم کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔