نوازشریف اور شہباز شریف نے دن رات عوام کی خدمت کی،این اے 127میں کوئی سمجھتا ہے ووٹ خریدلے گاتویہ اس کی خام خیالی ہے،مریم نواز

135
Maryam Nawaz
Maryam Nawaz

لاہور۔30جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ کسی کی خواہش اور خام خیالی ہے کہ پیسے دے کر ووٹ خرید لے گا ،یہاں پیسے پہلے بھی دینے کی کوشش کی گئی تھی،آج کل کسی کو مناظرہ کرنے کا بہت شوق آیا ہوا ہے ، جب دل سے خدمت کی ہو جب عوام کی تکلیف سمجھی ہو تو جتنی مرضی سازشیں کرلو عوام لوٹ کر پھر نوازشریف کے پاس آتے ہیں،نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے بھی ٹی وی سکرینز پر دیکھتے ہوں گے کہ عوام نے انہیں اٹھا کر تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا ہے۔ وہ منگل کی شام حلقہ این اے 127میں جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی خواہش اور خام خیالی ہے کہ پیسے دے کر ووٹ خرید لے گا ،یہاں پیسے پہلے بھی دینے کی کوشش کی گئی تھی لیکن پیسے کے مقابلے میں نواز شریف کی وفادار شائستہ پرویز ملک کو منتخب کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کسی کو مناظرہ کرنے کابہت شوق آیا ہوا ہے ، آئو مناظرہ کرتے ہیں ،مناظرہ اور موازنہ اس بات پر ہوتا ہے شہباز شریف نے لاہور میں میٹرو بنائی ہے اگر آپ نے اس سے اچھی سندھ میں بنائی ہے تو مناظرہ بنتاہے ، اگر آپ نے شہباز شریف کی اورنج ٹرین سے اچھی ٹرین کراچی میں چلائی ہے تو پھر مناظرہ اور موازنہ بنتا ہے ، شہباز شریف سے اچھے دانش سکول سندھ میں بنائے ہیں تو موازنہ بنتا ہے ۔ سندھ بھی میرا صوبہ ہے اور میری دل سے دعا ہے کہ وہ دن بھی آئے جب سندھ کو ترقی ملے ، وہاں کے عوام بھی غربت اورپسماندگی سے نکلیں

۔ انہوں نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ این اے 127 والوجب نلکا کھولتے ہو تو پانی آتا ہے ناں، کراچی میں وہاں آج بھی پانی ٹینکرز سے آتا ہے ان کے محلوں میں بھی ٹینکرز سے جاتا ہے ۔ ہم تو بڑے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ لاہور اور پنجاب والی ترقی سندھ اور کراچی لے کر جائیں گے کیا وہ کہہ سکتے ہیں سندھ والی ترقی لاہور لے کر آئیں گے۔ عطا تارڑ وہ کارکن ہے جوجماعت کے لئے مردانہ وار لڑتا تھا،جب نواز شریف ،شہباز شریف ،حمزہ جیل میں تھے تو ضمنی انتخابات کی ذمہ داری آ گئی اور اگر عطا اللہ تارڑ نہ ہوتا تو دھاندلی کو ہرانا آسان نہ ہوتا،عطا تارڑ نے دھاندلی کرنے والوں کو پکڑا ، یہ بہادر بھی ہے محنت کرنے والا بھی ہے اوروفادار بھی ہے ، جس نے اپنی جماعت سے وفا کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس لاہور کو شہباز شریف نے اتنی محنت سے سجایا تھا پچھلے پانچ سال میں ایسا لگتا تھا کہ لاہور لاوارث ہو گیا کیونکہ شہباز شریف کے جانے کے بعد پچھلے پانچ سال گھس بیٹھیے آ گئے تھے ،ایسا لگتا تھاکہ نواز شریف سے محبت پرلاہور کی عوام سے چن چن کر بدلا لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آج آپ ڈٹ کر کھڑے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ نواز شریف اورشہباز شریف نے دن رات آپ کی خدمت کی ہے ،جب خدمت کی ہو تو پیسے دے کر ووٹ نہیں خریدنے پڑتے ۔ کچھ لوگ لاہور میں آکر تنقید تو بہت کرتے ہیں لیکن انہیں لاہور میں جلسہ کرنے کیلئے جگہ نہیں ملتی ، جہاں جلسے کا مقام چنتے ہیں اس کے آگے پیچھے دائیں بائیں مسلم لیگ (ن) کا منصوبہ ہوتا ہے اور سر کے اوپر سے بھی مسلم لیگ (ن) کے منصوبے گزررہے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کہتا تھا کہ جیل سے اے سی اتروا دوں گا کھانا بند کر دوں گا اس کو دس سال کی سزا ہوئی ہے اسے وہ سزا بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نہیں بلکہ سنگین جرم پر ہوئی ہے ،اگر وہ یہ سمجھتا ہے کہ سیاست کی آڑ میں بچ کر نکل جائے گا تو عوام آپ کا قبر تک پیچھا کریں گے ،ہم اپنے ملک کو سنوارنے والے لوگ ہیں حملہ کرنے والے لوگ نہیں ہیں، آپ نے آٹھ فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ کا استعمال کرنا ہے ،ووٹ کی پرچی نے آپ کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے ۔