نوازشریف نے ہمیشہ قوم اور ریاست کیلئے قربانیاں دیں،ملک میں عام انتخابات جب بھی ہوں مسلم لیگ ن تیار ہے،وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف

117

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہےکہ چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے ،ملک میں عام انتخابات جب بھی ہوں مسلم لیگ ن انتخابات کیلئے تیار ہے،دونوں صوبوں میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی مسلم ن کے قائدمیاں محمد نواز شریف وطن واپسی کا اعلان کریں گے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان موجودہ حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھا کرگئے جس کی قیمت قوم بڑھتی ہوئی مہنگائی کی صورت میں چکا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے سیاسی نقصان برداشت کرکے پاکستان کی بقا کے لیے اصولی فیصلہ کیے، نواز شریف کوسازش کے تحت نااہل کیا گیا ، نواز شریف نے ہمیشہ قوم اور ریاست کے لیے قربانیاں دیں،اب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)صرف ملک کو پٹری پر لانے کیلئے قربانیاں دے رہی ہے ۔