نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کیلئے طبی آلات اور مشینری کی خریداری کو حتمی شکل دے دی گئی

48
نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کیلئے طبی آلات اور مشینری کی خریداری کو حتمی شکل دے دی گئی

لاہور۔27نومبر (اے پی پی):نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے ماسٹر پلان میں ضروری تبدیلیوں، سٹیٹ آف دی آرٹ طبی آلات اور مشینری کی خریداری و دیگر معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔صوبائی وزراصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ہیلتھ ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت عظمت محمود، سپیشل سیکرٹری سید واجد علی شاہ، سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن(ر)شامیر و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر زاہد پرویز و دیگر افسران نے شرکت کی۔سی ای او آئی ڈیپ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی۔

اجلاس میں کینسر کے علاج کے لئے جدید مشینری کی خریداری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہسپتال کے قیام اور تکمیل کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی،ہسپتال میں پنجاب کے سب سے بڑے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے قیام کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اجلاس میں کینسر کیئر ہسپتال میں بیڈز کی تعداد بڑھانے پر بھی فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں نہایت اہل اور قابل کینسر ماہرین کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا گیا۔اجلاس میں کینسر کے لیول فور مریضوں کے لئے الگ سے ہاسپائس سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیاگیا

،ہسپتال کو ایشیاکا جدید ہسپتال بنانے پر تمام ممبران پر عزم ہیں جس میں ایک ہی چھت تلے کینسر کے امراض کا علاج ممکن ہو سکے گا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پراجیکٹ کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،

کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کے لئے بارہ ماہ کا ہدف دے دیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کینسر ہسپتال کی توسیع مرحلہ وار کرکے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے جدید ایکوپمنٹس نصب کئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی و دیگر سہولیات میسر ہونگی،نواز شریف کینسر ہسپتال پنجاب ہی نہیں بلکہ انشااللہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے، کینسر کے ہر مریض کو علاج کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پبلک سیکٹر میں یہ کینسر ہسپتال اپنی نوعیت کا پہلا اور جدید ہسپتال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اس ہسپتال کی جلد تکمیل چاہتی ہیں۔