نواز شریف اورمریم نوازسے ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے اور ہم سب اِن کے سپاہی ہیں،وزیراعلی پنجاب

69
نواز شریف اورمریم نوازسے ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے اور ہم سب اِن کے سپاہی ہیں،وزیراعلی پنجاب

لاہور۔10فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ملاقات میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر وزیراعلی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اور ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر سکیم، جدید زرعی مشینری، سکالرشپ پروگرام کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، دیہی رانی پروگرام، بنیادی و دیہی مراکز اور صحت کے پورے نظام کی اپ گریڈیشن پر وزیر اعلی کے اقدامات کو سراہا۔ قائد نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں،

وزیراعظم شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے،ملکی ترقی کو ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا۔ 1990 کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی کے سفر میں آج کہیں آگے کھڑا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہےجبکہ پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فی صد پر آنا معاشی بہتری کی علامت ہے۔ ارکان اسمبلی نے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاایک سال میں صوبہ پنجاب کا ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہوا ہے،وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب کا فخر ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کی ایک نئی روشن مثال قائم کی ہے۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ آپ کی اوروزیراعظم شہباز شریف کی روایات جس شاندار طریقے سے چل رہی ہیں، وہ بے مثال ہے۔ ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ثقافت کو ترقی ملتی ہے۔ ارکان اسمبلی نے مزید کہا کہ مریم نواز نے نظام کی بے مثال اصلاح کی۔پنجاب میں ای ٹینڈرنگ کا شفاف نظام شروع کیا گیا۔ میرٹ پر یکساں اور معیاری ترقی کاسفر آگے بڑھ رہا ہے۔ واہگہ ٹورازم کوریڈور کی تعمیر بے مثال ہے۔

پنجاب کی خوشیاں واپس آ رہی ہیں۔وزیراعلی نے ارکان اسمبلی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا نام آئے تو عوام کی خدمت کی مثال بننا ہی پڑتا ہے۔ اللہ تعالی کے فضل سے نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے، اور ہم سب اِن کے سپاہی ہیں۔ پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سمیع اللہ خان، غزالی سلیم بٹ، محمد ریاض، مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ عمران نذیر، سہیل شوکت بٹ، ملک محمد وحید، خواجہ سلمان رفیق، ملک غلام حبیب اعوان اور چوہدری محمد نواز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ملک اسد علی کھوکھر، ملک شہباز علی کھوکھر، عمران جاوید، رانا راشد منہاس، محمد انس محمود، عرفان شفیع کھوکھر، بلال یاسین، مرغوب احمد، ملک فیصل ایوب کھوکھر ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔