نواز شریف اور ایاز صادق سیاسی فوائد کے حصول کیلئے ریاستی مفاد کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

89
پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا وزیراعظم عمران خان کا خواب ہے،عمران خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جو ماحولیات اور سیاحت کو اہمیت دیتے ہیں، چوہدری فواد حسین
پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا وزیراعظم عمران خان کا خواب ہے،عمران خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جو ماحولیات اور سیاحت کو اہمیت دیتے ہیں، چوہدری فواد حسین

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ایاز صادق سیاسی فوائد کے حصول کیلئے ریاستی مفاد کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں قومی اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ملک توڑنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، ندامت کی بجائے ن لیگی رہنما مزید راز افشاں کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اپوزیشن حکومتی پالیسیوں پر ضرور تنقید کرے تاہم قومی اداروں کے خلاف بیان بازی میں احتیاط کرے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں قانونی طریقے سے نہیں رہ رہے، وہ وزٹ پر ہیں اور عدالتی فیصلے کی بنیاد پر ہی انہیں ویزہ ملا تھا، انہیں 15 جنوری تک واپس لے آنا چاہیے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اگر ایاز صادق میں سمجھ ہوتی تو فوری طور پر معذرت کرتے، اگر وہ اپنے بیان پر قائم رہیں گے تو نامناسب ہو گا، انہیں اپنے غیرذمہ دارانہ بیان پر معذرت کرنی چاہیے، افسوس کی بات ہے کہ وہ اپنے بیان پر شرمندہ نہیں ہیں، ان کے بیان پر بھارت میں خوشی کے شادیانے بجائے جا رہے ہیں، انہیں یہ خیال ہی نہیں کہ انہوں نے کتنا بڑا بلنڈر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں جو بیان دیا تھا اس کے ہر لفظ پر قائم ہوں، میرے بیان کا ایاز صادق کے بیان سے کوئی تقابل نہیں بنتا، اگر بھارت پاکستان کی آزادی اور خودمختاری پر دوبارہ حملہ کرے گا تو ہم گھس کر ماریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ بہت خطرناک ہے، اپوزیشن رہنما سیاست کی حدود کو پھلانگ کر ریاست کی حدود کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ریاست کی ریڈ لائنز ہیں جس کو بار بار عبور کر رہے ہیں دیکھنا ہو گا کہ کس طرح سے آگے چل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ندامت کے بجائے ن لیگی رہنما خرم دستگیر مزید راز افشاں کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جو کہ انتہائی نامناسب رویہ ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر بدعنوانی کے سنگین مقدمات ہیں، عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات اوپن کر دیئے جائیں اس کا اپوزیشن کو فائدہ ہو گا، میرے خیال میں ہمیں یہاں سے ہی بات شروع کرنی چاہیے اور پھر دوسرے معاملات کو لیکر آگے چلنا چاہیے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن کی بات ہی اپنے قائدین کے کیسز سے شروع ہوتی ہے جس کی وجہ سے معاملات آگے نہیں بڑھ پا رہے۔