نواز شریف اور زرداری ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، ان کا نہ مستقبل ہے اور نہ حال، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

105

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، ان کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ حال، جب کوئی سیاستدان اپنے پائوں پر کھڑا ہو کر سیاست نہیں کر سکتا تو اس نے افواہوں کا سہارا لینا ہوتا ہے، پاک فوج کے ترجمان نے بھی قیاس آرائیوں کو رد کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیر داخلہ کی کتاب ”لال حویلی سے اقوام متحدہ تک ۔ سیاست کے پچاس سال“ کی تقریب رونمائی سے خطاب اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مستقبل کے سیاستدان کوئی اور ہیں، یہ سلسلہ زرداری اور نواز شریف کے بغیر ہی آگے چلنا ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شیخ رشید احمد ہماری سیاست کا روشن پہلو ہیں، انہوں نے ہمیشہ ملکی سیاست کا روشن پہلو اجاگر کیا۔

چوہدری فواد حسین نے شیخ رشید احمد کی سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید احمد نے 1977ءمیں پہلا الیکشن لڑا، اس وقت سے لے کر آج تک وہ ملکی سیاست کا محور رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والا شخص آج ملک کی نامور شخصیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد جس پوزیشن پر بھی ہوں پاکستان کا میڈیا ان کو دیکھتا اور سنتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مستقبل کا تجزیہ کرنے اور پاکستان کی سیاست کا رخ تعین کرنے میں شیخ رشید احمد کی آواز اہمیت رکھتی ہے، شیخ رشید احمد کی کتاب میں شیخ رشید احمد نے اپنے سیاسی سفر کی کہانی پیش کی، کتاب کی کامیاب تقریب رونمائی پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔